حیدرآباد میں سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبے نصب، ویڈیو وائرل

0

نیوز ڈیسک

حیدرآباد: سندھ کے شہر حیدرآباد میں زیر تعمیر سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبوں کی موجودگی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد سڑک کی منصوبہ بندی اور تعمیراتی معیار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

وائرل ویڈیو میں علمدار چوک سے اولڈ نیشنل ہائی وے تک زیر تعمیر سڑک کے مختلف مقامات پر بجلی کے کھمبے دیکھے جاسکتے ہیں، جو ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے کے ساتھ حادثات کا سبب بھی بن سکتے ہیں۔

سڑک کے درمیان بجلی کے کھمبوں کی موجودگی پر شہریوں نے حیرت اور تشویش کا اظہار کیا ہے، جبکہ سوشل میڈیا صارفین نے اس صورتحال پر دلچسپ اور طنزیہ تبصرے کیے ہیں۔

مزید کے لیے: https://urdu.thepenpk.com/?p=10750

معروف سماجی شخصیت ڈاکٹر شمع جونیجو نے وائرل ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ابتدا میں سڑک کی ویڈیوز کو مصنوعی ذہانت (AI) سے تیار کردہ سمجھ کر مسترد کردیا تھا، تاہم بعد میں معلوم ہوا کہ یہ ایک حقیقی صورتحال ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں تجویز دی کہ انجینئرنگ کے اس منفرد انتظام کو گنیز ورلڈ ریکارڈ کی ٹیم کے سامنے پیش کیا جانا چاہیے۔

اس واقعے نے سڑکوں کی تعمیر کے ذمہ دار اداروں اور بجلی فراہم کرنے والے محکموں کے درمیان رابطے اور باہمی ہم آہنگی کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔ شہری بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں میں مناسب منصوبہ بندی کو ضروری قرار دے رہے ہیں تاکہ عوام کو آمدورفت میں مشکلات اور ممکنہ حادثات سے محفوظ رکھا جاسکے۔

تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سڑک کے درمیان موجود بجلی کے کھمبوں کو کب منتقل کیا جائے گا اور آیا متعلقہ حکام نے اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری کیا ہے یا نہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.