نگرپارکر سلنڈر میں دھماکا، جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی

0

نیوز ڈیسک

تھرپارکر: سندھ کے ضلع تھرپارکر کے علاقے نگرپارکر میں ایمبولینس کا آکسیجن سلنڈر تبدیل کرنے کے دوران دھماکے اور آگ لگنے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 10 ہوگئی، جبکہ واقعے میں اسپتال کے عملے سمیت 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ نگرپارکر کے علاقے ڈانو ڈھانڈل میں بنیادی صحت مرکز (بی ایچ یو پلس) میں پیش آیا، جہاں پی پی ایچ آئی کی ایمبولینس کھڑی تھی۔ ایمبولینس میں آکسیجن سلنڈر تبدیل کرنے کے دوران اچانک دھماکا ہوا، جس کے بعد گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔

مزید پڑھیے: https://urdu.thepenpk.com/?p=10753

واقعے کے نتیجے میں حاملہ خاتون سمیت متعدد افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال مٹھی منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں حاملہ خاتون، 2 تیماردار اور اسپتال کے عملے کے 4 ملازمین شامل ہیں۔ جاں بحق افراد میں ایمبولینس ڈرائیور اسحاق تھیبو، جسونت اور پاندھی راجڑ کی شناخت ہوگئی ہے، تاہم دیگر لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعے میں زخمی ہونے والا ایک بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 10 ہوگئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے، جبکہ دھماکے کی وجوہات اور واقعے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا انتظار ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.