نیوز ڈیسک
اسلام اباد :چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پارٹی کو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی خبروں پر شدید تشویش ہے، کیونکہ موصول ہونے والی اطلاعات حوصلہ افزا نہیں ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے حکم پر عمل درآمد کے لیے درخواست دائر کر رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کو جلد سماعت کے لیے مقرر کیا جائے تاکہ معاملے کا حل نکالا جا سکے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے مطابق بانی پی ٹی آئی سے ایک ملاقات ہو چکی ہے اور سلمان صفدر بھی ان سے ملاقات کرکے آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پارٹی کو ضروری ہدایات موصول ہوئی ہیں، تاہم ان کی صحت پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر مکمل عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی لانگ مارچ ختم کر چکی ہے اور صوبائی حکومت بھی جا چکی ہے، لہٰذا اب رہنماؤں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی بہنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
