ویب ڈیسک
اداکارہ حنا رضوی نے شادی کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد تنقید کرنے والے افراد کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بریانی نہیں کہ ہر کسی کو پسند آئیں۔
چند دن پہلے ہی حنا رضوی اور سوشل میڈیا انفلوئنسر عمار احمد خان نے رشتہ ازدواج میں بندھنے کا اعلان کیا تھا، ان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز فوراً وائرل ہوگئی تھیں۔
اس کے وائرل ہونے کے بعد، کچھ افراد نے حنا رضوی کی جسامت پر تنقید کی اور کچھ صارفین نے انہیں زائد العمری میں شادی کرنے کے الزامات لگائے۔
انہوں نے خود سے کم عمر اور کم شہرت یافتہ شخص سے ازدواج کرنے کا الزام بھی سنا۔ حال ہی میں، حنا رضوی نے ایک شو میں اس تنقید کا جواب دیا اور معاملہ پر کھل کر بات کی۔
حنا رضوی حال ہی میں ندا یاسر کے شو میں شوہر سمیت شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے شادی پر تنقید کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی اور ان پر تنقید کرنے والے چند ہی لوگ ہیں، جنہوں نے جعلی اکاؤنٹس بناکر ان پر تنقید کرکے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
ان کے مطابق وہی چند جعلی اکاؤنٹس والے مختلف پوسٹس اور ویڈیوز میں جاکر ان کی شادی اور ان کی جسامت پر کمنٹس کرتے دکھائی دیے۔ حنا رضوی کا کہنا تھا کہ ان کی شادی پر ایسے بھی کمنٹس کیے گئے کہ دیکھتے ہیں ان کی شادی کتنا عرصہ چلتی ہے؟ انہوں نے سوال کیا کہ ایسے کمنٹس کرنے والے یہ بتائیں کہ پہلے ان کی کتنی شادیاں تھیں جو ناکام ہوئیں؟ یا ان کے شوہر نے پہلے کتنی شادیاں کیں جو طلاق پر ختم ہوئیں؟
حنا رضوی نے اپنے پورے کیریئر میں کبھی بولڈ لباس نہیں پہنا، اور کبھی بولڈ کردار ادا نہیں کیا۔ وہ اپنے کلچر کو ساتھ لے کر چلتی ہیں اور انہیں اپنی مشرقی ثقافت پر فخر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ بھی مسلمان ہیں، روزے رکھتی ہیں، نمازیں پڑھتی ہیں اور حجاب کرنے والی خواتین کی عزت کرتی ہیں۔
حنا رضوی نے واضح کیا کہ وہ بہت ہی دیندار شخصیت نہیں ہیں، اور اگر کسی کو وہ پسند نہیں تو اس میں ان کی کوئی غلطی نہیں۔ انہوں نے اپنی بات کو یہاں ختم کیا کہ وہ بریانی نہیں ہیں کہ وہ کسی کو اچھی لگیں یا ہر کسی کو خوش رکھ سکیں۔ ان کی بہادری اور شخصیت کو سراہنے والی ویڈیو وائرل ہوگئی اور صارفین نے اس پر ان کے حسن کی تعریف کی۔