اسلام آباد:محسن نقوی، پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین، نے کرکٹ اور ٹیم کی کارکردگی میں بہتری کے لیے بڑے فیصلوں کا اعلان کیا ہے۔
ان کے اعلان کے مطابق، گیری کرسٹن اور جیسن گلیسپی کو سلیکشن کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، اور ہر کھلاڑی کو ہر 3 ماہ بعد فٹنس ٹیسٹ دینا ہوگا۔
کھلاڑیوں کو لازمی طور پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ سینٹرل کنٹریکٹ کی رقم فی الحال کم نہیں کی جائے گی، البتہ سینٹرل کنٹریکٹ کی مدت اب ایک سال ہوگی۔
سینٹرل کنٹریکٹ کا کھلاڑیوں کی پرفارمنس اور فنٹس پر ہر سال جائزہ لیا جائے گا، مختلف کیٹیگریز میں کھلاڑیوں کی شمولیت وضع کردہ طریقہ کار کے تحت ہو گی، لیگز کھیلنے کے لیے این او سیز کے اجراء کا ٹیکنیکل طریقہ کار طے کیا جائے گا، طریقے کار پر پورا اترنے والے کھلاڑیوں کو این او سیز کا اجراء کیا جائے گا۔
پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ کوئی بھی ڈسپلن پر سمجھوتہ نہیں ہو گا، ٹیم کے اندر اتفاق کو دیکھا جائے گا، گروپنگ کرنے والے کھلاڑیوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ گروپنگ پر مینجمنٹ کو سخت ایکشن لینا چاہیے، ڈسپلن کی پابندی نہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹیم میں جگہ نہیں ملے گی، اور کسی بھی کھلاڑی کی ڈسپلن کی خلاف ورزی کو نظر انداز نہ کیا جائے گا۔