آئی فون پر یورپی صارفین کے لیے نیا فیچر، مرضی کا ویب براؤزر منتخب کریں

نیوزڈیسک

0

اسلام آبادٖ:امریکا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے یورپی صارفین کے لیے آئی فون میں اپنی پسندیدہ ویب براؤزر منتخب کرنے اور ڈیفالٹ ایپس کو حذف کرنے کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ایک نیا سیکشن متعارف کرنے جا رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، 7 مارچ کو یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے نافذ ہونے کے بعد کمپنی نے ریگولیٹری دباؤ کے تحت یہ فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنے یورپی صارفین کو ’چوائس اسکرین‘ کا اختیار فراہم کرے۔

اس ’چوائس اسکرین‘ کے ذریعے صارفین اپنی پسند کے براؤزرز، سرچ انجنز اور ورچوئل اسسٹنٹس کا انتخاب کر سکیں گے۔

کمپنی رواں سال کے آخر تک اس نئی اپ ڈیٹ کو مکمل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے بعد یورپین آئی فون صارفین براہِ راست ’چوائس اسکرین‘ سے ڈیفالٹ براؤزر منتخب کر سکیں گے۔

کمپنی نے بیان میں کہا ہے کہ ’چوائس اسکرین‘ ہر یورپی ملک کے لیے 12 براؤزرز کی فہرست فراہم کرے گی، جن میں سے منتخب کردہ براؤزر خودبخود موبائل میں ڈاؤن لوڈ ہو جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ ’چوائس اسکرین‘ رواں سال کے آخر میں ایک اپ ڈیٹ کے ذریعے آئی فون کے علاوہ آئی پیڈز پر بھی دستیاب ہوگی۔

کمپنی ڈیفالٹ ایپس کے لیے بھی ایک مخصوص سیکشن متعارف کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے تحت صارفین ایپل کی کچھ ایپس جیسے ایپ اسٹور، میسیجز، کیمرہ، فوٹوز اور سفاری کو اپنے فون سے حذف کر سکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.