سجل علی کو تمغہ امتیاز ملنے پر بھارتی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد

0

ویب ڈیسک

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ سجل علی کو تمغہ امتیاز ملنے پر ملکی و غیر ملکی فنکاروں کی جانب سے مبارک باد کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ یوم پاکستان کے موقع پر ملک بھر میں مختلف شعبے سے تعلق رکھنے والے کُل 397 افراد اور کوویڈ 19 کے دوران شہید ہونے والے 299 شہدا کو سول ایوارڈز دیے گئے۔

ان افراد میں شعبہ ادب، موسیقی، فن و ثقافت سے تعلق رکھنے والے مایہ ناز فنکار بھی شامل تھے۔ جنہیں ان کی گراں قدر خدمات سر انجام دینے پر صدارتی اعزازات سے نوازا گیا۔

اس موقع پر گورنر ہاوس پنجاب میں منعقد ہونے والی تقریب کے دوران گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن نے اداکارہ سجل علی کو ان کی ملکی و عالمی سطح پر نمایاں کارکردگی کے پیش نظر تمغہ امتیاز سے نوازا۔

اداکارہ نے تمغہ امتیاز وصول کرتے ہوئے مختصر ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر شیئر کی اور ساتھ کیپشن میں اظہارِ مسرت و تشکر بھی کیا۔

سجل علی نے اعزاز حاصل کرنے کی مذکورہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی تو ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے بڑی تعداد میں مبارک باد کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

اداکارہ کو اعزاز ملنے کی دھوم  پڑوسی ملک میں بھی خوب گونجی اور سرحد پار فنکاروں نے بھی سجل علی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

بھارتی اداکارہ سونم باجوہ نے مذکورہ ویڈیو کے کمنٹس میں تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ سجل آپ اس اعزاز کی حقدار ہیں، میں آپ کی سب سے بڑی مداح ہوں جبکہ بھارتی اداکارہ سیمی چہل نے بھی سجل علی کی پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے اُنہیں اس اعزاز کی صحیح حقدار قرار دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.