لاہور:پنجاب میں ماحول کو زہریلے دھویں سے بچانے کے لیے ایندھن کے معیار کی جانچ کے لیے ایک بڑا آپریشن شروع کیا گیا ہے۔
محکمۂ ماحولیات کے ترجمان نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں ہر ماہ ہر پیٹرول پمپ پر فروخت ہونے والے ایندھن کی جانچ کی جائے گی۔
اس عمل میں آئل مارکیٹنگ کمپنیوں اور ماحولیاتی تحفظ کے اداروں کا عملہ بھی شامل ہوگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی لیبارٹریز میں ایندھن کا کیمیائی تجزیہ کیا جائے گا اور اوگرا کے طے کردہ معیار کے مطابق جانچ ہوگی۔
پنجاب حکومت کے حکم نامے کے مطابق، جو پیٹرول اور ڈیزل معیاری معیار کے مطابق فروخت نہیں کرے گا، اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
صنعت، زراعت، گاڑیوں، اور بھٹوں سمیت تمام شعبوں میں ماحولیاتی قوانین کے اطلاق کی مہم جاری ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ زگ زیگ ٹیکنالوجی نہ رکھنے والے بھٹوں کو پہلے ہی گرا دیا گیا ہے، اور صنعتوں میں زہریلے دھوئیں کی مانیٹرنگ اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
جدید ٹیکنالوجی اور ڈرونز کے ذریعے زیادہ دھواں پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
اب ناقص اور غیر معیاری ایندھن کے استعمال کو روکنے کے لیے قانونی اور انتظامی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔