پنجگور:کوئٹہ کے پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں محنت مزدوری کے لیے آئے 7 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ایک شخص زخمی ہوا۔
ڈپٹی کمشنر پنجگور کے مطابق، نامعلوم افراد نے اس حملے کو انجام دیا۔ پولیس حکام کے مطابق، لاشوں اور زخمیوں کو پنجگور ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔پولیس نے بتایا کہ جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اس واقعے کی شدید مذمت کی اور متاثرہ مزدوروں کی درجات بلندی کے لیے دعا کی۔
انہوں نے زخمیوں کی صحت یابی کے لیے ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت دی۔
انتظامیہ نے مزید بتایا کہ جاں بحق 7 مزدوروں کی میتیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے ملتان روانہ کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان، میر سرفراز بگٹی، نے مزدوروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان قاتلوں کا حساب لیا جائے گا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی اس واقعے کی سخت مذمت کی اور کہا کہ مزدوروں کو بے دردی سے قتل کرنے والوں کو سخت سزا ملنی چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شہری کا حق ہے کہ وہ جس شہر میں چاہے کام کرے اور ایسے حملوں کے خلاف فوری کارروائی کی جانی چاہیے۔