اسلام آباد:پاکستان میں کورونا وائرس کی قسم مڈل ایسٹ ریسپیریٹری سنڈروم (مرس) کا پہلا کیس سامنے آیا ہے۔
مڈل ایسٹ ریسپریٹری سنڈروم کورونا وائرس سے متاثر ایک پاکستانی گزشتہ ماہ سعودی عرب سے واپس آیا ہے۔
حکام کے مطابق، 4 ستمبر کو یہ شخص دل کے علاج کے لیے جہلم کے ایک نجی اسپتال میں داخل ہوا تھا۔
اگلے دن، عالمی ادارۂ صحت اور سعودی حکام نے اس کے مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی اطلاع دی۔
حکام کے مطابق متاثرہ شخص کو بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا ہے۔
مریض کے رابطے میں آنے والے 40 سے زائد افراد کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں، جو سب نیگیٹو آئے ہیں۔
حکام نے بتایا کہ متاثرہ شخص صحت یاب ہونے کے بعد کھاریاں میں اپنے گھر میں رہائش پذیر ہے۔
یاد رہے کہ مڈل ایسٹ ریسپائریٹری سنڈروم (مرس) کورونا وائرس کی ایک قسم ہے، جو 2012ء میں سامنے آئی تھی۔ یہ بیماری اونٹوں سے انسانوں کو منتقل ہوتی ہے۔
حکام کے مطابق مڈل ایسٹ ریسپائریٹری وائرس کے سب سے زیادہ کیس 2012ء میں سعودی عرب سے رپورٹ ہوئے، جہاں اب تک اس بیماری سے 862 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
پاکستان میں اس وائرس کی روک تھام کے لیے احتیاطی تدابیر نافذ کی گئی ہیں تاکہ دیگر شہریوں کو اس وبا سے محفوظ رکھا جا سکے۔
پنجاب میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ
دوسری جانب، پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس کے 142 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔
محکمۂ صحت کے ترجمان کے مطابق رواں سال اب تک مجموعی طور پر 2,389 ڈینگی کے کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں میں راولپنڈی سے 129، لاہور اور میانوالی سے تین تین کیسز سامنے آئے ہیں۔اس کے علاوہ، اٹک، بہاولپور اور ساہیوال سے بھی ایک ایک کیس رپورٹ ہوا ہے۔