اسلام آباد:بھارتی گلوکار اور ریپر آدتیہ پرتیک سنگھ سسودیا، المعروف بادشاہ، کے بعد اب بھارتی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ بھی پاکستانی شوخ و چنچل اداکارہ ہانیہ عامر کے سحر میں مبتلا ہو گئے ہیں۔ کنسرٹ کے دوران، دلجیت نے ہانیہ کو “سپر اسٹار” قرار دیا۔
دلجیت دوسانجھ نے حال ہی میں لندن میں اپنے ‘دلومیناتی ٹور’ کے تحت ایک سولڈ آؤٹ کنسرٹ کیا، جہاں ہانیہ عامر اپنے دوستوں کے ساتھ موجود تھیں۔
جب دلجیت کو ہانیہ کی موجودگی کا علم ہوا، تو انہوں نے کنسرٹ کے درمیان اسے روک دیا اور پاکستانی اداکارہ کو اسٹیج پر مدعو کیا۔ اس واقعے کی مختلف ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
اداکارہ کے انکار پر دلجیت دوسانجھ محبت سے اصرار کرتے دکھائی دیے۔ انہوں نے پنجابی میں کہا کہ جب سُپر اسٹار ہمارے درمیان ہو اور وہ صرف آڈیئنس میں کھڑی رہے، اسٹیج پر نہ آئے، ایسا نہیں ہو سکتا۔
بھارتی گلوکار کی جانب سے مداحوں کے بے پناہ اصرار اور پُر زور فرمائش پر ہانیہ عامر اسٹیج پر آ گئیں۔اس موقع پر دلجیت نے ان کے لیے اپنے مشہور گانے “لوور” کے چند بول پیش کیے۔
اداکارہ کے چہرے کے تاثرات سے محسوس ہو رہا تھا کہ یہ لمحہ ان کے لیے بھی خاص ہے، اور اپنے جذبات کے اظہار کے لیے ان کے پاس الفاظ کم پڑ گئے۔انہوں نے دلجیت کا اس محبت بھرے اظہار پر دل سے شکریہ ادا کیا۔