اسلام آباد:آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے کے لیے پاکستان نے پلیئنگ الیون کا اعلان کر دیا ہے۔
عبداللّٰہ شفیق، صائم ایوب، بابر اعظم، محمد رضوان اور کامران غلام کو شامل کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ سلمان علی آغا، محمد عرفان خان، شاہین آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف اور محمد حسنین بھی ٹیم کا حصہ ہیں۔
قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے میلبرن میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ ماضی کے واقعات کو بھول کر آگے بڑھنا ضروری ہے۔
انہوں نے سلیکشن کمیٹی کے ممبران کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا اور بتایا کہ پلیئنگ الیون میں ان کی مشاورت شامل ہوگی۔
رضوان نے مزید کہا کہ وہ نوجوان کھلاڑیوں کی آراء بھی لیتے ہیں، کیونکہ بابر اعظم، شاہین آفریدی، اور نسیم شاہ کی پاکستان کے لیے شاندار پرفارمنس رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے لئے مشکل وقت آتا ہے، اور وہ ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=4946
انہوں نے کہا کہ فخر زمان اور امام کی کارکردگی بہت متاثر کن رہی ہے۔ فخر کی تیز رفتار رنز بنانے کی صلاحیت نے ہمیشہ ٹیم کے لیے مثبت فرق ڈالا ہے، اور اب نئے نوجوان کھلاڑیوں کے پاس بھی اپنے آپ کو ثابت کرنے کا موقع ہے۔
مزید انہوں نے وضاحت کی کہ پاکستان کو عالمی کرکٹ کی نقل نہیں کرنی چاہیے، بلکہ ہمیں اپنے وسائل کو مدنظر رکھنا ہے۔
ان کے لیے پاکستان ہمیشہ پہلے آتا ہے، اور جو کھلاڑی بہترین پرفارمنس دے گا، وہی ٹیم میں شامل ہوگا۔
پاکستان ٹیم آسٹریلیا کے دورے پر میلبرن پہنچ چکی ہے، جہاں وہ تین ایک روزہ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔
4 نومبر کو پاکستان آسٹریلیا کے خلاف اپنا پہلا ایک روزہ میچ میلبرن میں کھیلے گی، جبکہ باقی دو میچز ایڈیلیڈ اور پرتھ میں ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے آسٹریلین سرزمین پر اب تک 56 ایک روزہ میچ کھیلے ہیں، جن میں سے 17 میچز میں کامیابی حاصل کی ہے، جبکہ 37 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
پاکستان نے آخری بار ون ڈے سیریز 2017ء میں کھیلی تھی، جب محمد حفیظ کی قیادت میں ٹیم نے میلبرن میں فتح حاصل کی تھی۔