اسلام آباد:گوگل نیوز اینیشیٹو کے ‘ڈیجیٹل صحافت’ پروگرام کے تحت ہزارہ ڈویژن کے پرنٹ،الیکٹرانک اور آن لائن صحافت سے منسلک صحافیوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبا و طالبات کو جدید ڈیجیٹل صحافت کی تربیت فراہم کی گئی.
گوگل نیوز انیشی ایٹو, ٹیک ویلی اور شیراز محمود قریشی فاونڈیشن کی مشترکہ شراکت سے شروع کیے گئے ‘ڈیجیٹل صحافت’ پروگرام کا مقصد پاکستان بھر میں ایک ہزار صحافیوں کو درست اور دلچسپ ڈیجیٹل نیوز سٹوریز تخلیق کرنے کے لیے ضروری ٹولز، تربیت اور وسائل فراہم کرنا ہے۔
چار گھنٹے کے اس تربیتی سیشن میں غلط معلومات سے نمٹنے،قابل بھروسہ معلومات کے نظام کو سمجھنے،معلومات کی تصدیق کے لیے استعمال ہونے والے ٹولز،ڈیجیٹل رپورٹنگ کی مہارتیں ،آن لائن تحقیقی تکنیکس اور گوگل ٹرینڈز کے ساتھ کام کرنے کے ماڈیولز پر صحافیوں کو آگاہی دی گئی۔
اس تربیت کا انعقاد پاکستان بھر میں پریس کلبز کے اشتراک سے کیا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ صحافیوں تک پہنچا جا سکے۔
اس تربیت کا انعقاد ہزارہ ڈویژن کے ضلع مانسہرہ میں کیا گیا، جہاں گوگل سرٹیفائیڈ ماسٹر ٹرینر محمد کامران نے پچاسی شرکاء کے لیے ہینڈز آن ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا اور شرکاء کو تربیت کے سرٹیفکیٹ بھی فراہم کیے گئے۔
تربیت حاصل کرنے والوں میں پرنٹ،الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کے علاوہ ہزارہ یونیورسٹی کے میڈیا اسٹڈیز ڈیپارٹمنٹ کی طالبات اور طلبا بھی شامل ہیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی دانشور، سینئر صحافی اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات، مشاہد حسین سید تھے۔
تربیتی سیشن کی میزبانی کے فرائض صحافی اور سوشل ایکٹوسٹ رجب علی آزاد نے ادا کیے، جبکہ ویلکم نوٹ ڈائریکٹر SMQ فاؤنڈیشن محمد یاسر نے دیا۔
پاکستان کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، شیر افضل گوجر نے ہزارہ ڈویژن میں میڈیا کے منظرنامے، مقامی کمیونٹی کی معلومات کی ضروریات، اور تیز رفتار بدلتی ہوئی جدتوں کے تقاضوں کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر تفصیل سے گفتگو کی۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ مقامی صحافت کے لیے موجود مواقع اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبہ کے لیے ریسرچ کے موضوعات کس طرح اہمیت رکھتے ہیں۔
اس کے علاوہ، شیر افضل گوجر نے گوگل کے ڈیجیٹل صحافت پروگرام کی اہمیت اور مقامی صحافیوں کے لیے اس پروگرام سے جڑے ہوئے مواقع پر بھی بات کی۔
اس موقع پر، ٹیک ویلی کے سی ای او اور شیراز محمود قریشی فانڈیشن کے پیٹرن انچیف عمر فاروق نے گوگل نیوز انیشیٹو کے اغراض و مقاصد،مقامی صحافیوں اور کانٹینٹ کریٹرز کے لیے موجود مواقع،بزنس ماڈلز اور ڈیجیٹل صحافت کے مستقبل اور ٹیک ویلی کے کردار پر تفصیلی گفتگو کی۔
مہمان خصوصی، شاہد حسین سید نے عالمی ،ملکی اور مقامی میڈیا منظر نامے پر پرمغز گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو گوگل اور ٹیک ویلی کی طرف سے فراہم کردہ مواقع سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت زور دیا۔
انہوں نے صحافیوں اور میڈیا اسٹڈیز کے طلبا و طالبات کے صحافت سے متعلق سوالات کے تفصیلی اور مدلل جوابات دیے۔اختتام پر شرکاء میں سرٹیفیکٹس تقسیم کیے گیے ۔