آٹھ سالہ بچی پراسرار طور پر ملیر اسکول سے لاپتہ
کراچی کے ملیر یوسف عارفانی گوٹھ سے آٹھ سالہ بچی پراسرار طور پر غائب ہوگئی، جس پر گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ اسی دوران مختلف ٹریفک حادثات میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
کراچی:کراچی میں ملیر یوسف عارفانی گوٹھ کے ایک نجی اسکول سے آٹھ سالہ بچی پراسرار طور پر غائب ہوگئی۔
بچی کے والد کی مدعیت میں شاہ لطیف تھانے میں گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، بچی گزشتہ روز اپنے بھائی بلال کے ساتھ اسکول گئی تھی۔
چھٹی کے وقت جب بھائی اپنی بہن کا انتظار کرتا رہا، لیکن وہ نہ آئی تو وہ اسکول سے گھر واپس چلا گیا۔
بچہ گھر پہنچ کر والد کو بتاتا ہے تو انہوں نے فوراً اسکول جاکر بچی کو تلاش کیا، لیکن وہ نہیں ملی۔ اس کے بعد بچی کے والد نے شاہ لطیف تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کے والد سمیر شاہ کے ساتھ اسکول کی تلاشی لی گئی اور اسکول کے پرنسپل اور کلاس ٹیچر سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔
تاہم، اسکول میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں ہیں، اور آس پاس کے کیمروں میں بھی کچھ نہیں ملا۔
پولیس کا مزید کہنا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں دوبارہ اسکول اور اطراف کے علاقوں میں بچی کو تلاش کریں گے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5532
اسی دوران کراچی میں مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قیوم آباد جام صادق پل پر ٹریلر کی موٹر سائیکل کو ٹکر سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔
حادثے کے بعد ٹریلر کا ڈرائیور فرار ہوگیا، لیکن پولیس نے ٹریلر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کرلیا۔
بلدیہ حب ریور روڈ پر تیز رفتار موٹرسائیکل سلپ ہونے سے دو افراد جاں بحق ہوگئے، جبکہ ایک شدید زخمی ہوا۔
جاں بحق اور زخمی افراد کو سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ناظم آباد دو نمبر میں ریس لگاتی موٹر سائیکلوں کے ٹکرا جانے سے اٹھارہ سالہ حنین نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی، اور پولیس نے اس حادثے میں ملوث ایک نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔