ملک بھر میں سردی کی لہر، گلگت بلتستان کی جھیلیں اور آبشاریں منجمد

نیوزٹیسک

0

اسلام آباد:ملک بھر میں کڑکڑاتی سردی نے لوگوں کو کانپنے پر مجبور کر دیا ہے، جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا منظر شاندار ہے۔

گلگت بلتستان میں پارہ منفی دس ڈگری تک گر چکا ہے، جس کے باعث وہاں کی آبشاریں اور جھیلیں بھی منجمد ہو گئیں ہیں۔

کراچی سے لے کر چترال تک موسم سرما کی شدت اپنے عروج پر پہنچ چکی ہے۔ گلگت بلتستان کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، جہاں غذر میں منفی دس درجہ حرارت کے باعث آبشاریں، جھیلیں اور پانی کی لائنیں جم گئیں۔

چلچلاتی سردی میں بچوں کا برف میں موج مستی

غذر کی مشہور خلتی جھیل بھی برف میں ڈوب گئی، جس کا نظارہ کرنے سیاحوں کی بڑی تعداد وہاں پہنچی، جبکہ بچوں نے برف میں خوب موج مستی کی۔

لیہ میں سب سے زیادہ سردی منفی تیرہ ریکارڈ کی گئی، اسکردو میں منفی گیارہ اور گوپس میں منفی نو درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

وادی کاغان میں برفباری کے بعد دلکش منظر

پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے وادی کاغان کا دلکش حسن اور بھی نکھر آیا، اور سیاح برفباری کا منظر دیکھنے شوگران پہنچ گئے۔

سوات کے بالائی علاقوں، مالم جبہ اور کالام میں برفباری سے درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے گر گیا۔

بلوچستان میں پانی جمنے کے باعث سڑکوں اور تالابوں کی سطح پر اثرات

بلوچستان میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے، جہاں کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی پانچ اور قلات میں منفی چھ ریکارڈ کیا گیا، جس کے نتیجے میں تالابوں اور سڑکوں پر پانی جم گیا۔

کراچی کا موسم بھی مزید سرد ہو چکا ہے، جہاں رات کو درجہ حرارت نو ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا اور صبح سویرے گیارہ ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں چلنے والی ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے موسم مزید سرد ہوگیا، اور موجودہ درجہ حرارت تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

ہوا میں نمی کا تناسب پینتیس فیصد ہے جبکہ شمال مشرق سے آٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ دنوں میں موسم مزید سرد ہونے کا امکان ہے۔

کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں کتنے نمبر پر؟

دوسری جانب، کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں ساتویں نمبر پر آ گیا ہے۔ کراچی کے آلودہ علاقوں میں گلشن اقبال سرفہرست ہے، جہاں اے کیو آئی ایک سو چھانوے ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم آج بھی سرد رہے گا، جبکہ پنجاب میں کل سے بارش ہونے کی توقع ہے۔

لاہور میں بادلوں اور ٹھنڈی ہواؤں سے فضائی آلودگی میں کمی

لاہور میں بادلوں کی وجہ سے سورج کا راستہ جزوی طور پر رکا رہنے کا امکان ہے، اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے سے فضائی آلودگی میں معمولی کمی آئی ہے۔

لاہور کا موجودہ درجہ حرارت نو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت بیس اور کم سے کم آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق شہر میں فضائی آلودگی کی شرح دو سو  اکانوے ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد لاہور ملک بھر میں آلودگی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آ گیا۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5648

Leave A Reply

Your email address will not be published.