اسلام آباد:پاکستان میں سال دو ہزار پچیس کا استقبال بھرپور جوش و خروش انداز کے ساتھ کیا گیا۔ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں شہریوں نے آتش بازی، میوزیکل شوز، اور مختلف تقریبات کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا۔
کراچی خوشیوں کا مرکز
کراچی میں بارہ بجتے ہی جشن کا آغاز ہوا، شہری خوشی سے دیوانے ہو گئے۔ سی ویو پر نوجوانوں کے قافلے آتشبازی اور ہلہ گلہ کرتے نظر آئے۔ گورنر ہاؤس میں تاریخی آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا، جس نے عالمی ریکارڈ توڑ کر چالیس منٹ سے زیادہ کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
لاہور میں گہما گہمی کا عالم
لاہور میں نئے سال کی آمد پر زبردست جشن منایا گیا۔ شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل کر تقریبات میں شریک ہوئی۔ مختلف مقامات پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ ہوا۔
ہوائی فائرنگ کے واقعات
کراچی کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت پچیس افراد زخمی ہو گئے۔
حکومت کی تنبیہ اور پولیس کی کڑی نگرانی کے باوجود یہ واقعات پیش آئے۔ پولیس نے فائرنگ کے الزام میں گیارہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
گورنر سندھ کا اہم اعلان
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے آتشبازی کے نئے عالمی ریکارڈ پر عوام کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ لمحہ کراچی کی تاریخ کا روشن باب ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کا قوم کے نام پیغام
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے نئے سال دو ہزار پچیس کی آمد پر قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ میری دل کی گہرائیوں سے دعا ہے کہ دو ہزار پچیس کا سورج پاکستان کے لیے ترقی، خوشحالی، اور امن کا پیغام لے کر طلوع ہو۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں چاہیے کہ گزشتہ سال کی انفرادی اور اجتماعی غلطیوں کو سدھار کر ایک نئے روشن مستقبل کا آغاز کریں۔
اپنے پیغام میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ میری دعا ہے کہ دنیا دو ہزار چوبیس میں جن معاشی، سیاسی، اور امن و امان کے بحرانوں کا شکار رہی، دو ہزار پچیس میں ان پر قابو پانے کے لیے ٹھوس اقدامات اور مثبت پیش رفت ہو۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نیا سال پاکستان سمیت دنیا بھر سے بھوک، افلاس، جنگ، دہشت گردی، جرائم، فرقہ واریت، اور طبقاتی تقسیم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔
وزیرِ اعظم نے دو ہزار چوبیس کو پاکستان کے لیے کامیابیوں کا سال قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دوران معاشی اشاریے بہتر ہوئے، بین الاقوامی مالیاتی اداروں نے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کیا، اور دوست ممالک سے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے معاہدے طے پائے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5710
معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کا آغاز بھی ہوا اور “اڑان پاکستان” کے قومی اقتصادی منصوبے کا باضابطہ اجرا کیا گیا، جو معیشت کو خود انحصاری کی راہ پر گامزن کرنے اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے حکومت کی سنجیدگی کی عکاسی کرتی ہے۔
انہوں نے فلسطین اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتِ حال پر بھی بات کی اور کہا کہ دو ہزار چوبیس ان مظلوم عوام کے لیے ظلم و ستم کا بدترین سال تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دو ہزار پچیس میں فلسطین اور جموں و کشمیر اپنی آزادی کی جدوجہد میں کامیاب ہوں گے۔
وزیرِ اعظم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بہادر سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے نئے سال کے آغاز پر عوام سے اپیل کی کہ ہم سب مل کر قائد اعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق پاکستان کی تعمیر و ترقی کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں۔
وزیرِ اعظم نے دعا کی کہ دو ہزار پچیس پاکستان کے لیے خوش قسمتی اور خوشیوں کا سال ثابت ہو۔ پاکستان زندہ باد!
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا سالِ نو کا پیغام
وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ سالِ نو عوام کے لیے خوشی اور خوش حالی کی نوید لائے۔
دو ہزار پچیس کے آغاز پر مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خدا کرے میری ارضِ پاک پر وہ فصلِ گل اترے جسے زوال کا اندیشہ نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی خوشیوں، صحت، اور جان و مال کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت دعا گو ہوں۔ انفرادی اور اجتماعی طور پر نئی شروعات اور روشن مستقبل کے آغاز کا عزم کرتے ہیں۔
وزیرِ اعلیٰ نے عوام کی خدمت، حفاظت، اور ترقی کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ سالِ نو غربت و افلاس، دہشت گردی، اور جرائم کے خاتمے کا سال ثابت ہو۔ ہم ایک مستحکم، روشن، اور خوش حال مستقبل کی تعمیر کے لیے دن رات کام کریں گے۔
مریم نواز کا مزید کہنا ہے کہ دعا ہے کہ دو ہزار پچیس کشمیر اور فلسطین کی آزادی کا سال ہو۔