ملتان:ملتان کی انڈسٹریل اسٹیٹ میں ایل پی جی سے بھرا باؤزر دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں چھ افراد جاں بحق اور اکتیس زخمی ہوگئے۔ سی پی او کے مطابق، تیرہ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔
ڈسٹرکٹ ریسکیو آفیسر کے مطابق، یہ واقعہ فہد ٹاؤن میں پیش آیا جہاں گیس سے بھرا ٹینکر آگ لگنے کی وجہ سے پھٹ گیا۔
آگ بجھانے کے لیے ریسکیو کی اٹھارہ گاڑیوں نے آپریشن میں حصہ لیا، اور مظفرگڑھ و خانیوال سے بھی فائر ٹینڈرز طلب کیے گئے۔
ریسکیو حکام نے بتایا کہ ایل پی جی باؤزر کے پھٹنے سے ٹکڑے قریبی آبادی پر گرے، جس سے کئی گھروں کو نقصان پہنچا۔
سی پی او کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک بچی اور تین خواتین شامل ہیں، جبکہ دھماکے میں کئی جانور بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=6037
انہوں نے مزید بتایا کہ ایل پی جی باؤزر سے گیس کا اخراج جاری ہے، جس کی وجہ سے علاقے کو خالی کروا دیا گیا ہے۔
سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ گیس باؤزر کے دھماکے سے کئی مکانات تباہ ہوئے، اور بیس گھر مکمل طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق، دھماکے سے ستر سے زائد مکان جزوی طور پر متاثر ہوئے ہیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے اطلاع دی کہ فائر بریگیڈ کی دس گاڑیوں نے فوم اور پانی سے آگ پر قابو پالیا ہے، اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔
کمشنر ملتان کے مطابق، فہد ٹاؤن میں موجود تمام افراد کو ریسکیو کر لیا گیا ہے، جبکہ جاں بحق اور زخمیوں کو فوری طور پر نشتر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مقامی انتظامیہ نے بتایا کہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، اور علاقے میں بجلی کی سپلائی اور گیس کی فراہمی بند کر دی گئی ہے۔