اسلام آباد:محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے والا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش برسانے والا سسٹم چودہ مارچ کو داخل ہوگا۔
یہ سسٹم چودہ سے سولہ مارچ تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے امکانات پیدا کرے گا۔ خشک موسم کے باعث درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔
لاہور کا درجہ حرارت
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت سترہ ڈگری سینٹی گریڈ اور زیادہ سے زیادہ اٹھائیس ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔ آج اور کل موسم مزید خشک رہے گا۔
پی ڈی ایم اے اور محکمہ موسمیات میں متضاد آرا
پی ڈی ایم اے نے نو مارچ سے سولہ مارچ تک بارشوں کی پیش گوئی کی تھی، تاہم اب تک بارش نہیں ہوئی۔
کراچی سمیت سندھ میں موسم میں تبدیلی
ماہرِ موسمیات جواد میمن نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ میں گرم موسم کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے۔
شمالی بحیرۂ عرب میں اینٹی سائیکلون سندھ میں گرم موسم میں اضافے کا باعث تھا، تاہم اب ہوا کا یہ زائد دباؤ مشرق کی طرف بڑھ گیا ہے۔
جس کے باعث کراچی سمیت سندھ میں پانچ روز سے جاری گرمی کی شدت میں آج سے کمی متوقع ہے۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=6400
کراچی کا درجہ حرارت کتنا؟
شہرِ قائد میں دن کا درجہ حرارت بتیس سے چونتیس ڈگری سینٹی گریڈ تک رہ سکتا ہے اور آئندہ دو سے تین دن بعد سندھ بھر میں موسم بہتر ہو جائے گا۔
جواد میمن نے پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں ہفتے اور اتوار سے درجۂ حرارت مارچ کے معمول کے مطابق رہے گا۔
وادیٔ نیلم اور بالائی علاقوں میں موسم
وادیٔ نیلم کی تحصیل اٹھ مقام میں کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سیاحتی مقامات جیسے جاگراں، لوات بالا، اڑنگ کیل اور دیگر بالائی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔
بارش اور برف باری کے باعث کیل اور سرگن پاور ہاؤسز بند ہو گئے ہیں، جبکہ سب ڈویژن شاردہ میں بجلی معطل ہے۔
دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کا بہاؤ
موسلادھار بارش سے دریائے نیلم سمیت ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ ہوا ہے۔ شاہراہِ نیلم پر پھسلن کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے۔
اٹھ مقام میں بجلی اور انٹرنیٹ سروسز بھی متاثر ہیں، جس کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر کی بحالی میں سست روی سے شہری پریشان ہیں۔
بلوچستان کے شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود اور موسم ہلکا سرد ہے۔ محکمۂ موسمیات کے مطابق کوئٹہ میں آج کم سے کم درجۂ حرارت تیرہ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بلوچستان کے مختلف شمالی اضلاع میں بھی مطلع ابر آلود ہے۔ اس دوران کوئٹہ، چاغی، ژوب، قلعہ سیف اللّٰہ اور زیارت میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔