بلوچستان میں آپریشنز، 17 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا جوان شہید

0

نیوز ڈیسک

کوئٹہ: بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز نے دو الگ الگ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 17 بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یکم نومبر 2026 کو کچھی اور خاران میں بھارتی پراکسی تنظیموں فتنۃ الہندوستان اور فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی کے علاقے سنی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ اس دوران دہشت گردوں نے شہر میں ناکہ بندی کی کوشش کی، تاہم فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کے منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جب کہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

دوسری کارروائی ضلع خاران میں کی گئی، جہاں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا سراغ لگا کر اسے تباہ کردیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں مزید 7 دہشت گرد مارے گئے اور ان کے قبضے سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خاران آپریشن کے دوران پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید کا تعلق ضلع کرک سے تھا۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں علاقوں میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ نیشنل ایکشن پلان سے متعلق وفاقی ایپکس کمیٹی کے منظور کردہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، جب کہ غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے آپریشنز پوری شدت سے کیے جائیں گے۔

صدر، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں دونوں کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

صدر مملکت نے ضلع کچھی میں دہشت گردوں کی جانب سے ناکہ بندی کی کوشش ناکام بنانے اور خاران میں دہشت گردوں کے ٹھکانے کو تباہ کرنے پر فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت اور بروقت کارروائی کو سراہا۔

انہوں نے آپریشن کے دوران سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے دفاع اور امن و سلامتی کے لیے ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ صدر نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک عزمِ استحکام کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کچھی اور خاران میں سیکیورٹی فورسز کے کامیاب آپریشنز کو سراہتے ہوئے 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے سپاہی حکمت اللہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہیں۔

شہباز شریف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے کوششیں جاری رہیں گی۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران 17 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابل تحسین ہیں اور ان کے بہادر سپوت پوری قوم کا سرمایہ ہیں۔

محسن نقوی نے سپاہی حکمت اللہ کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وطن کی خاطر جان قربان کرکے ایک اعلیٰ مثال قائم کی۔

وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں اور پوری قوم اس جنگ میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.