نیوز ڈیسک
اسلام آباد: پاکستان نے دفاعی شعبے میں ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’فاز‘ کا کامیاب فلائٹ ٹیسٹ کر لیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں اضافے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فاز میزائل جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس ہے، جو دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ میزائل کی شمولیت سے پاک فضائیہ کی آپریشنل صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا اور ملکی دفاعی نظام مزید مضبوط ہوگا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فاز میزائل کا کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور خود انحصاری کا مظہر ہے۔
میزائل کے فلائٹ ٹیسٹ کے موقع پر مسلح افواج کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ان سائنسدانوں اور انجینئرز نے بھی شرکت کی جنہوں نے اس جدید ہتھیاروں کے نظام کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔
اس کامیابی پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد پیش کی۔
وزیر داخلہ کی فاز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی فضا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کے کامیاب تجربے پر پوری قوم کو مبارکباد دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سائنسدانوں اور انجینئرز نے ایک مرتبہ پھر قابل فخر کارنامہ انجام دیا ہے، جبکہ مقامی طور پر تیار کردہ میزائل کا کامیاب تجربہ ملکی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کے قابل فخر سائنسدانوں اور انجینئرز کی تکنیکی مہارت اور محنت پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بھی پاکستان کے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے فاز میزائل کے کامیاب تجربے پر قوم، پاک فضائیہ اور سائنسدانوں کو مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ فاز میزائل کا کامیاب تجربہ دفاعی خود انحصاری کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔ جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل طویل فاصلے تک فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سرفراز بگٹی کے مطابق میزائل کی کامیابی سے پاک فضائیہ کی آپریشنل اور دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان دفاعی ٹیکنالوجی کے شعبے میں اپنی صلاحیتوں کو مسلسل وسعت دے رہا ہے۔
انہوں نے سائنسدانوں اور انجینئرز کی انتھک محنت اور قومی جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دفاعی پیداوار میں خود انحصاری قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے اور پاکستان جدید تقاضوں کے مطابق اپنی دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بناتا رہے گا۔
