پیٹرول 5 روپے 45 پیسے سستا، ڈیزل 3 روپے 68 پیسے مہنگا

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے 4 نومبر 2026 کے لیے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے فی لیٹر کمی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی سفارشات کی روشنی میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 374 روپے 51 پیسے سے کم ہو کر 369 روپے 6 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 395 روپے 20 پیسے سے بڑھ کر 398 روپے 88 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

نئی قیمتوں کا اطلاق 4 نومبر 2026 کی رات 12 بجے سے ہو گیا ہے اور یہ اسی روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق قیمتوں میں ردوبدل عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، پریمیم اور دیگر متعلقہ اخراجات کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

دستیاب اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 32 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ کیا جا چکا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 27 مرتبہ کمی اور 46 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ 3 نومبر کو حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی، جس کے بعد پیٹرول 374 روپے 51 پیسے اور ڈیزل 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر پر فروخت ہو رہا تھا۔

اس سے قبل 30 اکتوبر کو حکومت نے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کرتے ہوئے اسے 402 روپے 96 پیسے مقرر کیا گیا تھا۔

مشرقِ وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو عموماً قیمتوں میں ردوبدل نہیں کیا جاتا۔

دوسری جانب، وزیرِاعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹر سائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے فی لیٹر پیٹرول پر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثرہ صارفین کو ریلیف فراہم کرنا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.