نیوز ڈیسک
پاکپتن: پنجاب کے ضلع پاکپتن میں دیپالپور روڈ پر مسافر بس اور 10 ویلر ٹریلر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق اور 33 زخمی ہوگئے، جبکہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ملتان سے قصور جانے والی مسافر بس دیپالپور روڈ پر ایک 10 ویلر ٹرک سے ٹکرا گئی۔ تصادم اس قدر شدید تھا کہ 11 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ 33 مسافر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیاں شروع کردیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پاکپتن منتقل کیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
حادثے میں پیرا فورس اور پیٹرولنگ پولیس کے اہلکار بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، جبکہ جائے حادثہ پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکپتن کے قریب پیش آنے والے المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔ ان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن بھی اسپتال پہنچ گئے تاکہ زخمیوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لے سکیں۔
مریم نواز نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے افسوس ناک حادثے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔
