نیوز ڈیسک
پشاور: پشاور کے علاقے حیات آباد میں نادرا دفتر کے قریب نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فہد خان جاں بحق ہوگئے، جو رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کے بھتیجے تھے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ نادرا دفتر کے قریب پیش آیا، جہاں سے جائے وقوعہ کی تلاشی کے دوران 30 بور پستول کے آٹھ خالی خول برآمد ہوئے ہیں۔ مقتول کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رکن قومی اسمبلی نور عالم خان نے جمعے کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں بتایا کہ ان کے بھتیجے فہد خان کو نادرا دفتر کے سامنے موٹر سائیکل پر سوار دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کے ساتھ مقتول کی تصویر اور واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی شیئر کی، جس میں فہد خان کو گاڑی پارک کرنے کے بعد سڑک عبور کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔ فوٹیج میں دو موٹر سائیکل سوار افراد کو نادرا دفتر کے گیٹ کے قریب ان پر فائرنگ کرتے ہوئے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
واقعے نے خیبر پختونخوا میں سرکاری ملازمین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے کے بڑھتے ہوئے واقعات پر ایک بار پھر تشویش پیدا کردی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ضلع ٹانک میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل شمشاد محسود کو بھی نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
