نیوز ڈیسک
اسلام اباد: پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریما خان کئی سالہ وقفے کے بعد ایک بار پھر بڑے پردے پر واپسی کے لیے تیار ہیں۔ وہ معروف ہدایت کار اور پروڈیوسر وجاہت رؤف کی نئی فلم ’پنچھی پیارے‘ میں اداکاری کے جوہر دکھائیں گی۔
نوے کی دہائی میں اپنے فلمی سفر کا آغاز کرنے والی ریما خان نے اپنے طویل کیریئر کے دوران متعدد کامیاب فلموں میں کام کیا اور پاکستانی فلم انڈسٹری میں اپنی منفرد پہچان بنائی۔ تاہم شادی کے بعد امریکہ منتقل ہونے اور خاندانی زندگی پر توجہ دینے کے باعث انہوں نے اداکاری سے فاصلہ اختیار کر لیا تھا۔
ریما خان کی فلمی دنیا میں واپسی کا اعلان وجاہت رؤف نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے کیا، جہاں انہوں نے اداکارہ کے ساتھ نئے منصوبے پر کام کرنے پر خوشی کا اظہار بھی کیا۔
اگرچہ فلم ’پنچھی پیارے‘ میں ریما خان کے کردار اور کہانی سے متعلق تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں، تاہم ان کی واپسی کی خبر نے شوبز حلقوں اور مداحوں میں خاصی دلچسپی پیدا کر دی ہے۔
فلمی صنعت سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے بھی اس اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ اداکار عمران عباس، زویا ناصر اور علی رحمان خان سمیت متعدد فنکاروں نے ریما خان اور وجاہت رؤف کو نئے منصوبے کے لیے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔
ریما خان کی واپسی نے پاکستانی فلمی شائقین کی توقعات بڑھا دی ہیں، جبکہ اب سب کی نظریں اس بات پر ہیں کہ وہ اپنی نئی فلم میں کس کردار کے ساتھ مداحوں کے سامنے آئیں گی۔
