نیوز ڈیسک
گوجرانوالہ:قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ اور پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 ساہیوال (چیچہ وطنی) میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
دونوں حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ انتخابی عمل کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے متعلقہ حلقوں میں دفعہ 144 بھی نافذ کی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق حلقہ این اے 77 گوجرانوالہ میں 11 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جہاں 5 لاکھ 18 ہزار 620 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 333 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب حلقہ پی پی 203 ساہیوال، جس میں چیچہ وطنی کا علاقہ شامل ہے، میں 7 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے۔ حلقے میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے، جبکہ ووٹنگ کے لیے 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
چیچہ وطنی میں انتخابی عمل کو پُرامن بنانے اور سیکیورٹی کی نگرانی کے لیے 1100 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ خواتین ووٹرز کی سہولت کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں، جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اضافی پولیس نفری اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو الرٹ رکھا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 77 کی نشست مسلم لیگ (ن) کے رکن محمود بشیر ورک، جبکہ پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 203 کی نشست رکن اسمبلی محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
