نیوز ڈیسک
کراکو: پولینڈ کے تاریخی شہر کراکو کے مرکزی علاقے گروٹے مارکیٹ میں فائرنگ کے ایک ہولناک واقعے میں کم از کم 5 افراد ہلاک اور 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولش میڈیا کے مطابق ہفتے کی دوپہر ایک مسلح شخص نے مبینہ طور پر گاڑی سے لوگوں پر فائرنگ کی، جس کے بعد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مشتبہ ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار شخص نے فوجی طرز کی وردی پہن رکھی تھی۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کے وقت مرکزی چوک میں غیر ملکی سیاحوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے، جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
واقعے میں زخمی ہونے والے تین پولیس اہلکاروں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس نے فائرنگ کے بعد ڈائٹلا اسٹریٹ میں بھی سرچ آپریشن اور تفتیشی کارروائی جاری رکھی۔
پولیس حکام واقعے کی وجوہات اور ملزم کے ممکنہ محرکات کا تعین کرنے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولینڈ کے وزیراعظم ڈونلڈ ٹسک نے فائرنگ کے واقعے کو ایک المناک سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکام واقعے کے پسِ پردہ حقائق اور محرکات جاننے کے لیے تحقیقات کر رہے ہیں۔
