اسلام آباد:کرکٹ آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے اپنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے، جس کی قیادت پیٹ کمنز کریں گے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا کا دورہ کرے گی، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان تین ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
منتخب کھلاڑیوں میں شین ایبٹ، کوپر کنولی، جیک فریزر مکگرک، ایرون ہارڈی، جوش ہیزل ووڈ، جوش انگلس، مارنوس لابوشین، اور گلین میکسویل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ سٹیو اسمتھ، میچل سٹارک، میتھیو شارٹ، مارکوس سٹوئنس، اور ایڈم زمپا بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔
کرکٹ آسٹریلیا نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ مچل مارش اور ٹریوس ہیڈ پیرنٹل چھٹیوں کی وجہ سے ٹیم میں شامل نہیں کیے گئے ہیں۔
چیف سلیکٹر جارج بیلی نے کہا ہے کہ یہ سیریز چیمپئنز ٹرافی سے قبل کا آخری موقع ہے، جس میں سکواڈ میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔
چیمپئنز ٹرافی فروری میں پاکستان میں ہونے والی ہے، اور یہ سیریز اس کے لیے کھلاڑیوں کے تجربے میں اضافہ کرنے کا ایک موقع ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے میچز 4، 8، اور 10 نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی میچز کے لیے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔