اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ریشم نے حال ہی میں ایک ویب شو میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں آنے والی رکاوٹوں اور تکلیفوں کے بارے میں بات کی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ بہت چھوٹی عمر میں اپنے والدین کو کھو چکی ہیں۔ ان کے والد ان کی پیدائش سے پہلے ہی انتقال کر گئے، جبکہ ان کی والدہ کا انتقال ان کی سات سال کی عمر میں ہوا۔
اداکارہ نے اپنی زندگی میں کیریئر بنانے کے لیے کی جانے والی جدوجہد کا ذکر کیا اور بتایا کہ وہ اپنے قریبی عزیز و اقارب کی جانب سے دھوکے بھی کھا چکی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے پندرہ ماہ قبل تہجد کی نماز پڑھنا شروع کی اور اب اپنی درد بھری کہانیاں اللہ تعالیٰ کے سامنے بیان کرتی ہیں، کیونکہ انہوں نے اپنے قریبی لوگوں کو کھو دیا ہے۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ تہجد کی نماز میں اللہ تعالیٰ سے بات کرنے سے انہیں بہت مدد ملی ہے اور انہیں وہ سکون ملا ہے جس کا انہوں نے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ وہ فرض نماز تو ہمیشہ پڑھتی تھیں، لیکن تہجد نے ان کی زندگی میں ایک نیا مطلب پیدا کیا ہے۔