اسلام آباد:فیصل آباد کے تھانہ غلام محمد آباد میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سمیت 45 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق، یہ مقدمہ انسداد دہشت گردی کی دفعہ 7 سمیت 13 مختلف دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے املاک کو نقصان پہنچایا، پولیس پر حملہ کیا اور دیگر الزامات میں 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، مظاہرین نے عمران خان کے اکسانے پر امن و امان کو پامال کیا اور دہشت گردی کی۔
اس وقت پی ٹی آئی کا احتجاج دوسرے روز میں داخل ہو چکا ہے، جس کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والے راستے اب بھی بند ہیں۔
پی ٹی آئی کا خیبر پختونخوا سے اسلام آباد پہنچنے والا قافلہ ہزارہ انٹرچینج سے روانہ ہو چکا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامیہ نے تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی ہدایت کی ہے، اور میٹرو بس سروس بھی دوسرے روز کے لیے معطل ہے۔
جڑواں شہروں میں راستوں کی بندش کے باعث مریضوں کو اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
فیصل آباد میں، بانئ پی ٹی آئی سمیت 45 افراد پر دہشت گردی اور دیگر الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا، اور 35 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5258
دوسری جانب جماعتِ اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ نے اپوزیشن کی احتجاجی سیاست کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس سے معیشت کو نقصان پہنچ رہا ہے، اور حکومت کو سیاسی حل تلاش کرنا چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق، پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی کی کال پر دنیا بھر کی طرح امریکہ کی ریاست ٹیکساس کے مختلف شہروں ہیوسٹن، ڈیلس، آسٹن اور پلانو میں بھی احتجاجی ریلیوں اور مظاہروں کا انعقاد کیا گیا، جن میں مرد و خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
ہیوسٹن میں تحریکِ انصاف کے رہنماؤں سجاد برکی اور عاطف خان، جبکہ ڈیلس میں ندیم زمان، لبنیٰ خان، ریاض حسین، اور نازیہ خان نے مظاہرین سے خطاب کیا۔
مقررین نے اپنے خطابات میں بانیٔ پی ٹی آئی سمیت تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کی فوری رہائی، 26 ویں آئینی ترمیم کے خاتمے، پاکستان میں جمہوریت اور آئینی حقوق کی بحالی، اور عوامی مینڈیٹ کی واپسی کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے موجودہ حکومت کو غیر منتخب قرار دیتے ہوئے اس سے فوری مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا اور عمران خان کی رہائی کو ناگزیر قرار دیا۔
مظاہرین نے جوش و خروش کے ساتھ نعرے لگائے، پاکستان کے ملی نغمے اور انقلابی گیت بھی گائے۔
مقررین اور مظاہرین نے پاکستان میں انسانی حقوق کی خراب صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے پیش کردہ تین بڑے مطالبات کو جلد از جلد تسلیم کرنے پر زور دیا۔
ریاستِ ٹیکساس میں ہونے والے ان مظاہروں میں شریک افراد نے امید ظاہر کی کہ ایک دن پاکستان میں حق اور انصاف کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔
انہوں نے اس یقین کا بھی اظہار کیا کہ جمہور کی اصل حکمرانی قائم ہو گی اور عوام اپنے فیصلے خود کرنے میں آزاد ہوں گے۔