نیوز ڈیسک
عموماً سنا جاتا ہے کہ بہتر انداز میں کام کرنے کے لیے دن میں 7 سے 8 گھنٹے کی نیند بہت ضروری ہے۔ تاہم، خواتین کے لیے ایسا بالکل نہیں، بلکہ خواتین کو 8 گھنٹے سے زیادہ کی نیند درکار ہوتی ہے تاکہ وہ دن بھر بہتر اور چاق و چوبند انداز میں کام کرسکیں۔
برطانیہ میں ایک تحقیق کے مطابق، خواتین کو مردوں کے مقابلے زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔ محقیقین کے مطابق، خواتین کا دماغ دن بھر مختلف اور زیادہ سخت کام کرتا ہے، لہذا انہیں مردوں کے مقابلے میں کم از کم 20 منٹ روزانہ زیادہ نیند کی ضرورت ہوتی ہے۔
اچھی نیند کی ضرورت کیوں ہے؟
ماہرین کے مطابق، اچھی ذہانت اور جسمانی صحت کے لیے نیند سب سے اہم ہے۔ اچھی نیند دماغ کی کارکردگی کو بہتر کرتی ہے، بہتر قلبی صحت، اچھا ہاضمہ، اچھی جلد اور بالوں کے علاوہ لمبی عمر کے لیے بھی ضروری ہے۔ معیاری نیند آپ کو اپنے جذبات کو بہتر طریقے سے منظم کرنے کے لیے بھی مدد فراہم کرتی ہے۔ اسی طرح، افراد جو بہترین نیند لیتے ہیں، انہیں اضطراب اور افسردگی کم ہوتی ہے اور وہ بہتر کارکردگی ظاہر کرتے ہیں۔ اگر کسی کو طویل عرصے تک معیاری نیند کی کمی ہوتی ہے تو اس سے اعصابی امراض جیسے ڈیمنشیا اور الزائمر کے خطرات بڑھ سکتے ہیں۔