اسلام آباد میں پولیس مقابلہ، دو افغان مشتبہ افراد ہلاک

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پولیس مقابلے کے دوران دو افغان مشتبہ افراد ہلاک ہو گئے، جبکہ فائرنگ کے بعد ان کے چار مبینہ ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق، واقعہ تھانہ شہزاد ٹاؤن کی حدود میں راول ٹاؤن کے قریب پیش آیا، جہاں پولیس ٹیم زیرِ حراست مشتبہ افراد کی نشاندہی پر ان کے مبینہ ساتھیوں کی گرفتاری اور سامان کی برآمدگی کے لیے ایک کباڑ خانے پہنچی تھی۔

پولیس ترجمان کے مطابق، کارروائی کے دوران قریبی ویرانے میں چھپے چار مسلح افراد نے زیرِ حراست مشتبہ افراد کو چھڑانے کی کوشش میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو افغان شہری عبداللہ اور ملہے خان گولیاں لگنے سے زخمی ہو گئے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں کو گولیاں ان کے اپنے ساتھیوں کی جانب سے چلائی گئیں۔

ترجمان کے مطابق، پولیس اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور دیگر حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جبکہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے دونوں مشتبہ افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ میں درج ایک مقدمے کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا اور وہ جسمانی ریمانڈ پر تھے۔ مقدمے میں ایک خاتون سے مبینہ طور پر موبائل فون چھیننے، زیادتی کی کوشش کرنے اور اسے زخمی کرنے کے الزامات شامل تھے۔

پولیس کے مطابق، فائرنگ کے بعد چاروں مسلح ملزمان اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہو گئے۔ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.