پیٹرول اور ڈیزل مسلسل تیسرے روز سستے، نئی قیمتوں کا اعلان

0

نیوز ڈیسک

اسلام اباد: وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسرے روز بھی کمی کردی، جس کے تحت پیٹرول 7 روپے 6 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے 71 پیسے فی لیٹر سستا ہوگیا۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے 5 نومبر 2026 کے لیے نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگا اور یہ 5 نومبر تک برقرار رہیں گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 7 روپے 6 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد 369 روپے 6 پیسے سے کم ہوکر 362 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 71 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 391 روپے 52 پیسے سے کم ہوکر 387 روپے 81 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے وفاقی حکومت کے مقررہ طریقہ کار کے تحت عالمی منڈی میں قیمتوں، پلاٹس ریٹس، پریمیم اور دیگر اخراجات کا جائزہ لینے کے بعد نئی قیمتوں کا تعین کیا ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق 17 جولائی سے اب تک پیٹرول کی قیمت میں 33 مرتبہ کمی اور 39 مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ اسی عرصے کے دوران ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 29 مرتبہ کمی اور 45 مرتبہ اضافہ ہوا ہے۔

اس سے قبل 4 نومبر کو بھی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں 5 روپے 45 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 68 پیسے فی لیٹر کمی کی تھی۔ اس کمی کے بعد پیٹرول 369 روپے 6 پیسے اور ڈیزل 391 روپے 52 پیسے فی لیٹر فروخت ہورہا تھا۔

اسی طرح 3 نومبر کو پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 40 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 76 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی، جس کے بعد پیٹرول 374 روپے 51 پیسے اور ڈیزل 395 روپے 20 پیسے فی لیٹر مقرر کیا گیا تھا۔

اس سے قبل 30 اکتوبر کو حکومت نے 31 اکتوبر سے 2 نومبر تک پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی تھی، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے اضافہ کرکے اسے 402 روپے 96 پیسے فی لیٹر کردیا گیا تھا

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری بحران کے باعث حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے، تاہم ہفتہ اور اتوار کو قیمتیں برقرار رکھی جاتی ہیں۔

دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے 13 ستمبر کو موٹرسائیکل، رکشہ، چنگ چی اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے صارفین کو پیٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دینے کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد مہنگے ایندھن کے اثرات سے کم آمدنی والے طبقوں کو تحفظ فراہم کرنا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.