نیوز ڈیسک
ممبئی :بالی وڈ اداکار عمران خان نے احتجاجی مظاہرے میں شرکت کے معاملے پر پیدا ہونے والے قانونی تنازع کے بعد ممبئی ہائی کورٹ سے غیر مشروط معذرت کرلی ہے اور آئندہ کسی بھی احتجاجی سرگرمی کا حصہ نہ بننے کی یقین دہانی کرا دی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے عدالت میں جمع کرائے گئے تحریری بیان میں عہد کیا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی احتجاجی مظاہرے میں شرکت نہیں کریں گے اور نہ ہی براہِ راست یا بالواسطہ کسی دوسرے شخص کو ایسے مظاہروں میں شامل ہونے پر آمادہ کریں گے۔
عمران خان نے اپنے بیان میں وضاحت کی کہ وہ 10 اکتوبر کو جنوبی ممبئی کے آگسٹ کرانتی میدان کے قریب ہونے والے احتجاج میں صرف یہ جاننے کے لیے پہنچے تھے کہ شہریوں کی نقل و حرکت پر پابندیاں کیوں عائد کی جا رہی ہیں اور لوگوں کو اپنی آواز اٹھانے سے کیوں روکا جا رہا ہے۔
اداکار کے مطابق ان کا مقصد مظاہرین کے مطالبات کی حمایت کرنا یا احتجاج کے مؤقف پر اثر انداز ہونا نہیں تھا۔
عدالت نے ان کی جانب سے آئندہ احتجاج میں شرکت نہ کرنے کی یقین دہانی ریکارڈ پر لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ان کے معاملے میں نرم رویہ اختیار کرنے کا مشورہ دیا۔
عدالت میں اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے عمران خان نے ذاتی اور پیشہ ورانہ تعلقات کا حوالہ بھی دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کی شادی بھارت میں ہوئی، ان کی ایک بیٹی ہے اور خاندان کے بیشتر افراد بھی بھارت سے تعلق رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ ٹیکس ادا کرنے اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے ذریعے بھارتی معیشت میں اپنا کردار ادا کرتے رہے ہیں۔
