لاہور:پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کے سلسلے میں الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان نے بتایا کہ لاہور میں 50، راولپنڈی میں 39، ساہیوال میں 79، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 77، سیالکوٹ میں 41، گوجرانوالا میں 50، اور فیصل آباد میں 57 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔
اسی طرح، ملتان میں 37، خانیوال میں 67، رحیم یار خان میں 79، ڈیرہ غازی خان میں 57، بہاولپور میں 26، بھکر میں 14، جہلم میں 12، اور جوہرآباد میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی ہے۔
آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں مزید بارشوں کی توقع ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے صوبے بھر کے ڈپٹی کمشنرز کو چوکسی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا سلسلہ 20 اگست تک جاری رہے گا۔
ترجمان کا مزید کہنا ہےکہ مون سون بارشوں کے نتیجے میں پنجاب کے دریاؤں اور ندی نالوں میں طغیانی کا امکان ہے، اور دریائے سندھ میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال برقرار ہے۔
دریائے چناب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے، جہاں پانی کی سطح 2 لاکھ کیوسک سے 2 لاکھ 50 ہزار کیوسک تک بڑھنے کا امکان ہے۔