اسلام آباد:بھارتی اداکارہ اروشی روٹیلا نے حال ہی میں دعویٰ کیا ہے کہ ان کے زخمی ہونے کے بعد ان کے مداحوں نے انہیں 1 لاکھ سرخ گلابوں کا تحفہ پیش کیا ہے، جو کہ سوشل میڈیا پر صارفین کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور اداکارہ کی تنقید کا سبب بھی بن رہا ہے۔
انسٹاگرام پر اروشی روٹیلا نے گزشتہ ہفتے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں ان کی انگلی سے خون بہتا دکھایا گیا ہے، اور ویڈیو کے اگلے حصے میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ اداکارہ زخمی ہونے کی وجہ سے اسپتال میں داخل ہیں اور آکسیجن ماسک بھی لگا ہوا ہے۔
ویڈیو شیئر کرنے کے بعد، اداکارہ کے پرستاروں نے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کیں اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اداکارہ نے بعد ازاں ایک اور ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پرجوش فینز کی طرف سے انہیں 1 لاکھ قیمتی سرخ گلاب تحفے میں ملے ہیں، جو ان کی جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار ہے۔
اداکارہ نے ایک اور پوسٹ شیئر کی جس میں انہوں نے گلاب کے پھولوں کے ساتھ مختلف تصاویر دکھائی ہیں۔
اس پوسٹ پر اگرچہ بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے انہیں دعاؤں بھرے پیغامات بھیجے، لیکن زیادہ تر صارفین نے ان پر سخت تنقید کی اور ان کا خوب مذاق اُڑایا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق، اروشی پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے پبلسٹی اسٹنٹ کے لیے خود 1 لاکھ گلاب خریدے ہیں۔
ایک صارف نے سوال اٹھایا کہ اگر یہ گلاب چاہنے والوں کی جانب سے بھیجے گئے ہیں تو تمام گلاب ایک ہی قسم کی ریپنگ میں کیوں ہیں؟کیا تمام مداحوں نے ایک ہی دکان سے گلاب خریدا ہے؟
ایک صارف کا کہنا ہے کہ یہ گلاب ان کی پی آر ٹیم نے بھیجے ہیں، جبکہ ایک اور صارف نے سوال اٹھایا ہے کہ بالی ووڈ کی کئی مشہور اداکارائیں کینسر جیسی مہلک بیماریوں کا سامنا کر چکی ہیں اور انہیں ایک گلاب بھی نہیں ملا، تو آخرکار آپ کو معمولی سی چوٹ پر ایک لاکھ گلاب کیوں بھیجے گئے؟
ایک صارف نے اسے ہمدردی حاصل کرنے کا ایک طریقہ قرار دیا، جبکہ دوسرے صارف نے اسے سستی تشہیر کا نام دیا۔