گرمی کے موسم میں صحت مند رہنے کی مفید غذائیں کونسی کونسی ہیں؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:گرمیوں میں صحت مند رہنے کے لیے موسم کے لحاظ سے غذا کی اہمیت پر زور دینے کے ساتھ، طبی اور غذائی ماہرین قدرتی، تازہ اور سادہ غذاؤں کو ترجیح دینے کی تجویز دیتے ہیں۔

گرم موسم میں مرغن اور تلی ہوئی غذاؤں کے استعمال سے گریز اور گھر میں تیار کردہ صاف اور صحت بخش کھانوں کا استعمال فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔

یہ عادت گرمی کی شدت سے بچنے اور مختلف موسمی شکایات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ غذا کی نوعیت ہی انسانی جسم کی صحت یا بیماری کا تعین کرتی ہے، جیسے گاڑی کو گندہ فیول دیا جائے تو اس کا انجن تیزی سے خراب ہو جاتا ہے، اسی طرح انسانی جسم بھی قدرتی اور صاف غذاؤں کے باعث مختلف بیماریوں اور موسمی مسائل سے محفوظ رہتا ہے۔

گرم موسم میں بیکٹیریا اور وائرس زیادہ متحرک اور تیزی سے پھیلتے ہیں، اس لیے تازہ اور سادہ غذا کا استعمال تجویز کیا جاتا ہے۔

گرمیوں میں صحت مند رہنے اور توانائی برقرار رکھنے کے لیے درج ذیل غذاؤں کا استعمال بڑھا دینا چاہیے:

زیادہ پانی کی مقدار

گرمی ہو یا سردی، پانی کی مقدار پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ گرمیوں میں پسینے کی زیادتی کی وجہ سے جسم سے نمکیات اور پانی زیادہ مقدار میں خارج ہو جاتا ہے، لہذا گرمیوں میں پانی پینے کی مقدار دگنا تجویز کی جاتی ہے۔

ٹھنڈا پانی پینے سے معدے کی گرمی اور جسمانی درجہ حرارت فوری طور پر کم ہوتا ہے، اور اضافی گرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والے زہریلے اثرات کے اخراج میں مدد ملتی ہے، جبکہ یہ نظام ہاضمہ کو بھی صحت مند بناتا ہے۔

پانی والی غذائیں

طبی ماہرین کے مطابق گرمیوں میں پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھا دینا چاہیے، جیسے کہ سیب، آڑو، تربوز، اور کھیرا۔

اسی دوران، کھٹی غذاؤں سے پرہیز کرنا بہتر ہے کیونکہ وہ تیزابیت کو بڑھا کر معدے کی گرمی میں اضافہ کر سکتی ہیں۔

دہی

دہی معدے کی صحت کے لیے مفید بیکٹیریا کی مقدار بڑھانے میں مددگار ہوتا ہے۔ اس کا استعمال معدے کی گرمی کو کم کرتا ہے اور گرمیوں میں دانوں سے نجات دلانے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔اس کے علاوہ، دہی نظام ہاضمہ اور دیگر اعضاء کو بھی فعال کرتا ہے۔

ٹھنڈا دودھ

ٹھنڈا دودھ معدے کی تیزابیت اور درجہ حرارت کو کم کرنے میں معاون ہے۔ رات کو ٹھنڈے دودھ کا گلاس پینے سے پرسکون نیند حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

ابلے ہوئے چاول

معدے میں گرمی کی علامات اکثر واضح نہیں ہوتیں، مگر بے آرامی، بھوک کا نہ لگنا، خالی پیٹ قے محسوس ہونا اور چکر آنا معدے کی گرمی کے ممکنہ اسباب ہو سکتے ہیں۔

ایسی علامات کی صورت میں، ابلے ہوئے سفید چاول معدے کو ٹھنڈک پہنچا سکتے ہیں، اور دہی کے ساتھ سادے چاول کھانے سے اس کا اثر مزید تیز ہو جاتا ہے۔

پودینہ

پودینہ معدے کی گرمی کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس کی ٹھنڈی تاثیر ہوتی ہے۔

پودینے کو سلاد، مشروب میں شامل کر کے یا چٹنی بنا کر استعمال کرنے سے غذا جلد ہضم ہوتی ہے اور انسان خود کو تازگی، سکون، اور ہلکا محسوس کرتا ہے۔

سیب کا سرکہ

ایک گلاس پانی میں 2 سے 3 چائے کے چمچ سیب کا سرکہ اور ایک کھانے کے چمچ شہد مکس کریں اور اسے پی لیں۔

یہ مشروب نہ صرف فرحت بخش احساس فراہم کرتا ہے بلکہ معدے، سینے اور تیزابیت کی تکلیف میں بھی کمی لاتا ہے، اور گرمی کی شدت کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

ایلو ویرا جیل

ایلو ویرا جیل، جو متعدد اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتی ہے، قبض کشا خصوصیات رکھتی ہے اور آنتوں میں پانی کی مقدار بڑھاتی ہے۔

معدے کی جلن اور گرمی کو کم کرنے کے لیے، کھانا کھانے سے پہلے آدھا کپ ایلو ویرا جیل کو گرائنڈ کر کے پی لیں۔اس کے استعمال سے غذا جلد ہضم ہوتی ہے اور ٹھنڈک کا احساس برقرار رہتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.