اسلام آباد:پاکستان شوبز انٹسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی نے شوبز انڈسٹری کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس صنعت میں پیسوں کی خاطر جھوٹ دکھایا اور پھیلایا جاتا ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حقیقت کی عکاسی کرنے کے بجائے اکثر جھوٹی کہانیاں پیش کی جاتی ہیں، جو کہ اصل میں معاشرتی مسائل کو بھی متاثر کرتی ہیں۔
اداکارہ کا یہ بیان شوبز کی دنیا کی چمک دمک کے پیچھے چھپے سچے حقائق کو اجاگر کرتا ہے۔
حرا مانی نے حال ہی میں ہدایت کار اور اداکار جواد بشیر کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنے کیریئر اور ذاتی زندگی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ شوبز میں پیسوں کی خاطر جھوٹ دکھایا اور پھیلایا جاتا ہے، اور یہی ان کا کام ہے۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ہمیں چیزوں کو گلیمرائز کر کے بڑھا چڑھا کر پیش کرنا ضروری ہوتا ہے تاکہ لوگوں کی توجہ حاصل کی جا سکے۔
اگر ہم چیزوں کو گلیمرائز کیے بغیر ان کی اصل حالت میں پیش کریں گے تو ممکن ہے کہ لوگوں کی دلچسپی نہیں بن سکے۔
جب میزیان نے پوچھا کہ کیا آپ کا اس جھوٹی دنیا میں دم نہیں گھٹتا؟ تو حرا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ میں کیمرے سے محبت کرتی ہوں، اور یہی وجہ ہے کہ میں ہر صبح اٹھ کر کام پر جاتی ہوں۔کیمرہ بھی مجھ سے محبت کرتا ہے، اسی لیے مجھے کامیابی ملی ہے۔
حرا نے مزید کہا کہ کبھی کبھی “مولا جٹ” جیسی فلمیں دیکھ کر حسد ہوتا ہے، لیکن اپنے بچوں کی محبت انہیں اس سے روک دیتی ہے۔
میرے لیے سب سے اہم یہ ہے کہ میں ان کی ماں ہوں اور میری جگہ کوئی اور نہیں لے سکتا۔
زندگی کو ایک بڑا استاد قرار دیتے ہوئے اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے زندگی سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اب دوسروں کے لیے سوچتی ہیں۔