اسلام آباد:معروف پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان 2017ء میں ریلیز ہونے والی شاہ رخ خان کی بالی ووڈ فلم “رئیس” کا حصہ کیسے بنیں؟
فلم کے ہدایت کار راہول ڈھولکیا نے اس راز سے پردہ اٹھا دیا ہے۔ ماہرہ خان نے “رئیس” میں شاہ رخ خان کے بالمقابل آسیہ کا کردار ادا کیا، جس پر انہیں خوب تعریف ملی۔
تاہم، یہ ماہرہ خان کی بالی ووڈ میں پہلی اور آخری فلم ثابت ہوئی، کیونکہ ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے انہیں دھمکیاں ملنے لگیں، جس کی وجہ سے وہ فلم کی تشہیری مہم میں بھی حصہ نہیں لے سکیں۔
فلم “رئیس” میں ماہرہ خان کی کاسٹنگ کے حوالے سے کئی کہانیاں زیر بحث آئیں، لیکن راہول ڈھولکیا نے ایک بھارتی میڈیا ہاؤس کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ وہ ایک ایسی لڑکی چاہتے تھے جو 30 سال سے زیادہ عمر کی ہو اور اچھی اردو بولتی ہو۔
کرینہ کپور، دیپیکا پڈوکون اور کترینہ کیف جیسی ہیروئنیں یا تو کردار کرنے کے لیے تیار نہیں تھیں یا زیادہ معاوضہ مانگ رہی تھیں۔
راہول نے بتایا کہ ان کی اور گوری خان کی والدہ نے ماہرہ خان کی سفارش کی، اور آڈیشن کے بعد انہیں یقین ہوگیا کہ “رئیس” کی آسیہ ماہرہ خان ہی ہیں۔ماہرہ خان نے اپنے فنی کیریئر کا آغاز 2006ء میں بطور وی جے کیا۔
انہوں نے شعیب منصور کی فلم “بول” میں ایک معاون کردار سے اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا، جس کے بعد “ہم سفر” جیسے مشہور ڈرامے نے انہیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
ان کی دیگر کامیاب فلموں میں بن روئے، ہو من جہاں، سپرسٹار، لوڈ ویڈنگ اور دی لیجنڈ آف مولا جٹ شامل ہیں۔ ماہرہ خان نے ماڈلنگ میں بھی اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔