پنجاب میں اسموگ سے بچاؤ کے لیے گاڑیوں کی مانیٹرنگ کا آغاز

نیوزڈیسک

0

لاہور:حکومتِ پنجاب نے اسموگ کے بڑھتے اثرات کے پیشِ نظر پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کو دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی مانیٹرنگ کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔

سیکریٹری ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ پنجاب نے کہا ہے کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کو سیف سٹی کیمروں کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا تاکہ ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔

انہوں نے گاڑی مالکان کو ہدایت دی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی مرمت کروا لیں تاکہ کسی بھی پریشانی سے بچا جا سکے۔اس کے علاوہ، بسوں اور ٹرکوں کی خصوصی چیکنگ بھی کی جائے گی۔

دریں اثناء، پنجاب کے مختلف شہروں میں اسموگ کے بڑھتے اثرات کی وجہ سے آؤٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے کہ لاہور میں 11 نومبر سے 17 نومبر تک آؤٹ ڈور سرگرمیاں معطل رہیں گی۔

مزید پرئیے:https://urdu.thepenpk.com/?p=5049

پابندی کا اطلاق لاہور، ملتان، فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں ہوگا۔ اس دوران، آؤٹ ڈور کھیل، نمائشیں اور تقریبات منع ہوں گی، جبکہ ریسٹورنٹس کی آؤٹ ڈور ڈائننگ پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔

دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہو جائیں گے۔ تاہم، میڈیکل اسٹورز، لیبارٹریز، پیٹرول پمپس اور کریانہ اسٹورز اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔

بڑے ڈپارٹمنٹل اسٹورز میں صرف گراسریز اور میڈیکل سیکشن کھلے رہیں گے۔ خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی کی جائے گی۔

طبی ماہرین نے شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ باہر نکلتے وقت ماسک کا استعمال لازمی کیا جائے تاکہ مختلف مہلک بیماریوں سے محفوظ رہا جا سکے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.