بشریٰ انصاری نے والدین سے جہیز دینے کی روایت پر تنقید کیوں کی؟

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:پاکستان شوبز انڈسٹری کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی بیٹیوں کو جہیز دینے سے گریز کریں، اور اس روایت کی سختی سے مخالفت کی ہے۔

معروف اداکارہ نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پوسٹ کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو بھرپور جہیز دیا تھا لیکن ان کے دامادوں کو اس کی قدر نہیں تھی۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ والدین اپنی بیٹیوں کو بڑا کرکے، انہیں پڑھا لکھا کر ان کی شادیاں اس امید پر کرتے ہیں کہ اب وہ خوش رہیں گی۔

وہ اپنی خوشیاں قربان کرکے بیٹیوں کو شادی کے وقت ہر چیز دیتے ہیں، لیکن داماد اس پر شکرگزار ہونے کے بجائے بدلے میں غیر ذمے دار ثابت ہوتے ہیں اور ان چیزوں کی قدر نہیں کرتے۔

اداکارہ کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کی پرورش اور تعلیم پر خرچ کیا، دن رات محنت کرکے ان کی شادیاں کروائیں، اور انہیں کپڑے، زیور، فرنیچر کے علاوہ اپارٹمنٹ بھی دیا۔

وہ اپنے دامادوں کو بیٹوں کی طرح سمجھ کر محبت سے چیزیں دیتی رہیں، لیکن وہ اس محبت کا جواب نہیں دے سکے۔

اداکارہ کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے سوال کیا کہ کیا آپ کی بیٹیوں کے شوہروں سے علیحدگی ہوئی ہے؟ تاہم بشریٰ انصاری کی جانب سے ابھی تک کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.