مقبول ڈرامے عشق مرشد کی آخری قسط کو ٹی وی کے بجائے سینماؤں پر دکھائی جانے کا امکان ہے۔
عشق مرشد ڈرامہ ٹی وی پر اکتوبر 2023 سے دیکھایا جا رہا ہے، پہلی قسط 8 اکتوبر کو پیش کی گئی تھی جبکہ 14 اپریل 2024 کو 28 ویں قسط دکھائی گئی۔
یہ ڈرامہ فاروق رند کی ہدایتکاری میں بنا جس کی کہانی عبدالخالق خان نے لکھی ہے، اور اس میں درفشاں سلیم اور بلال عباس خان نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔
اس کی مخصوص اور رومانوی کہانی کی بنا پر عشق مرشد کو بہت پسند کیا جا رہا ہے، اور ہر قسط کو یوٹیوب پر چند ہی گھنٹوں میں لاکھوں بار دیکھا جاتا ہے۔
پروڈکشن ہاؤسز، ڈرامے کی ٹیم اور ٹی وی چینل کا دعویٰ ہے کہ عشق مرشد نے کامیابی کے نئے ریکارڈز بنائے ہیں اور اس نے گزشتہ دو سال میں نشر کیے جانے والے ڈراموں کو مقبولیت میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
ڈرامے کی آخری قسط کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں وائرل ہیں کہ اس کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھایا جائے گا۔
سوشل میڈیا پر سندھ کے دارالحکومت کراچی کے سینماؤں کے وائرل ہونے والے پوسٹرز کے مطابق عشق مرشد کی آخری قسط کو تین مئی کو سینماؤں میں دکھایا جائے گا۔
ٹوئٹر سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھی مداحوں نے دعوے کیے کہ عشق مرشد کی آخری قسط کو سینماؤں میں دکھایا جائے گا، تاہم ڈرامے کی ٹیم نے ایسی خبروں کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔