نیوز ڈیسک
لاہور: قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک یا دو فتوحات سے مطمئن ہونے کے بجائے ٹیم کو اپنی کارکردگی میں تسلسل برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور ان پر اعتماد برقرار رکھنا ضروری ہے، کسی کھلاڑی کی صلاحیتوں کا اندازہ صرف ایک سیریز کی بنیاد پر نہیں لگانا چاہیے۔
انہوں نے فخر زمان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ چار میچز میں خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکے، تاہم انجری کے باوجود میدان میں اترے اور شاندار سنچری اسکور کی۔
قومی کپتان نے عرفات منہاس اور سعد بیگ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا۔
بابر اعظم کے حوالے سے شاہین آفریدی نے بتایا کہ وہ اب فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس جا رہے ہیں اور ان کا قومی ٹیم کے خلاف بھی ایک میچ شیڈول ہے
اپنی ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی سے متعلق بات کرتے ہوئے شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلیں۔ وہ فاٹا کی جانب سے میچ کھیلیں گے اور اچھی کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں کم بیک کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اپنی بولنگ پر بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔
قیادت کے حوالے سے شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کپتان ایک ہی ہوتا ہے اور لیڈر بھی ایک ہی ہوتا ہے، اسی سے مشورہ اور رہنمائی لی جاتی ہے۔
