نیوز ڈیسک
لاہور: فخر زمان کی شاندار سنچری اور سعد بیگ کے ساتھ 149 رنز کی اہم شراکت داری نے سہ فریقی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پاکستان کی پوزیشن مستحکم کردی۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فیصلہ کن مقابلے میں پاکستان کو سری لنکا کی جانب سے جیت کے لیے 326 رنز کا ہدف ملا ہے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز مایوس کن رہا اور چوتھے اوور میں محض 14 رنز پر قومی ٹیم کی دو اہم وکٹیں گر گئیں۔ معاذ صداقت 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ بابر اعظم کھاتہ کھولے بغیر پویلین لوٹ گئے۔ دونوں کھلاڑیوں کو سری لنکن فاسٹ بولر دلشان مدوشنکا نے آؤٹ کیا۔
ابتدائی نقصان کے بعد فخر زمان اور سعد بیگ نے ذمہ دارانہ اور جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور 149 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کرکے پاکستان کو مشکل صورت حال سے نکالا۔
سعد بیگ 74 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد 27ویں اوور میں مہیش تھیکشنا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب فخر زمان نے بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور اپنے ون ڈے کیریئر کی 12ویں سنچری مکمل کی۔
فخر زمان نے 99 گیندوں پر 127 رنز بنائے، جن میں 11 چوکے اور 6 چھکے شامل تھے۔ وہ 34ویں اوور میں پویلین لوٹے، جس کے کچھ ہی دیر بعد سلمان علی آغا بھی اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، جس سے سری لنکا کو میچ میں واپسی کا موقع مل گیا۔
سری لنکا کی جانب سے دلشان مدوشنکا اب تک 3 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، جبکہ مہیش تھیکشنا اور ڈونتھ ویلالاجے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد سری لنکا نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 325 رنز بنائے اور پاکستان کو کامیابی کے لیے 326 رنز کا ہدف دیا۔
سری لنکا کی جانب سے کامینڈو مینڈس نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 98 گیندوں پر 131 رنز بنائے، جن میں 12 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ پاون رتنائیکے 77 رنز کے ساتھ دوسرے نمایاں بلے باز رہے، جبکہ اویشکا فرنینڈو نے 38 رنز اسکور کیے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور حارث رؤف نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیم شاہ نے اپنے 10 اوورز میں 80 رنز دیے، جبکہ حارث رؤف نے 60 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
فائنل کے لیے پاکستان کی پلیئنگ الیون میں شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو شامل کیا گیا ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کررہے ہیں، جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوسل مینڈس کے سپرد ہے۔
فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے لاہور کے گورنر ہاؤس میں ٹرافی کے ہمراہ فوٹو شوٹ میں بھی حصہ لیا۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سہ فریقی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف اپنے دونوں میچز جیتے، جبکہ سری لنکا کے خلاف بھی ایک کامیابی حاصل کی۔ قومی ٹیم اب اپنی سرزمین پر پہلی مرتبہ ون ڈے سہ فریقی سیریز کا ٹائٹل جیتنے کے لیے میدان میں اتری ہے۔

[…] قومی کپتان نے عرفات منہاس اور سعد بیگ کی کارکردگی کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں کھلاڑیوں نے سیریز میں بہترین کھیل پیش کیا۔ […]