نیوز ڈیسک
جنوبی وزیرستان:جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ میں افغان سرحدی پوسٹوں سے پاکستانی سیکیورٹی چوکیوں پر مبینہ بلااشتعال فائرنگ کے بعد پاکستانی فورسز نے فوری جوابی کارروائی کرتے ہوئے افغان سرحدی پوسٹوں، مارٹر پوزیشنز اور دفاعی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔
ڈپٹی کمشنر جنوبی وزیرستان کے مطابق افغان سرحدی پوسٹوں سے پاکستانی چوکیوں پر فائرنگ کی گئی، جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر جواب دیا۔
بیان میں کہا گیا کہ پاکستانی فورسز کی جوابی کارروائی کے نتیجے میں افغان طالبان اپنی سرحدی پوسٹیں چھوڑ کر فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق واقعے میں پاکستان کے سرحدی علاقوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز سرحدی علاقوں کے دفاع کے لیے چوکس ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
بنوں میں پولیس گاڑی کے قریب آئی ای ڈی دھماکا، اہلکار محفوظ
بنوں: بنوں میں سٹی میریان گیٹ کے قریب پولیس گاڑی کے نزدیک دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو نقصان پہنچا، تاہم اس میں سوار پولیس اہلکار محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس گاڑی علاقے میں معمول کے گشت پر تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا نصب شدہ دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈی) کے ذریعے کیا گیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے، جبکہ دھماکے کی نوعیت اور واقعے سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔
