نیوز ڈیسک
عارف والا: پنجاب کے شہر عارف والا میں شادی سے انکار پر مبینہ طور پر 18 سالہ لڑکی کو پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی گئی، جس کے نتیجے میں مریم شدید جھلس گئی۔ پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم عدیل کو گرفتار کر لیا ہے۔
پولیس کے مطابق افسوسناک واقعہ تھانہ قبولہ کی حدود میں واقع جامعہ اسلامیہ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں ملزم عدیل نے مبینہ طور پر مریم کو روک کر اس پر پٹرول چھڑکا اور آگ لگا دی۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچے اور متاثرہ لڑکی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے نامزد ملزم عدیل کو گرفتار کر لیا ہے۔ حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
