آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر 2 ارب روپے کا فراڈ بے نقاب

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر شہریوں سے 2 ارب روپے سے زائد کا فراڈ کرنے والے بڑے نیٹ ورک کا سراغ لگا لیا ہے، جس میں ملک بھر کے سینکڑوں شہری متاثر ہوئے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق اسکینڈل میں 18 ملزمان ملوث پائے گئے ہیں، جن کے خلاف سائبر کرائم تھانے میں مقدمہ درج کرکے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

ایجنسی نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ دیگر 16 سمیت مجموعی طور پر 18 ملزمان کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں شامل کرا دیے گئے ہیں۔

تحقیقات کے مطابق ملزمان نے آن لائن سرمایہ کاری کا جھانسہ دے کر سینکڑوں شہریوں سے بھاری رقوم بٹوریں۔ گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والے انکشافات کی روشنی میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔

گرفتار ملزمان کے زیر استعمال موبائل فونز اور لیپ ٹاپس کا فرانزک آڈٹ بھی جاری ہے تاکہ فراڈ کے طریقہ کار، مالی لین دین اور نیٹ ورک سے وابستہ دیگر افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر رانا محسن کے مطابق دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، جو ملک کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کریں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.