انتخابی نظام میں تبدیلی کی تیاری، 30 رکنی کمیٹی کے لیے نام طلب

0

نیوز ڈیسک

اسلام آباد: انتخابی اصلاحات سے متعلق 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے لیے سیاسی جماعتوں سے ارکان کی نامزدگی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) سے مجموعی طور پر 6 ارکان کے نام طلب کر لیے ہیں۔

اس سلسلے میں وفاقی وزیر نے دونوں جماعتوں کے چیف وہپس کو خطوط ارسال کیے ہیں، جن میں کمیٹی کے لیے ارکان نامزد کرکے ان کی تفصیلات جلد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

طارق فضل چوہدری نے پیپلز پارٹی کے چیف وہپ کو لکھے گئے خط میں کمیٹی کے لیے 5 ارکان نامزد کرنے کی درخواست کی ہے، جبکہ ایم کیو ایم کے چیف وہپ سے ایک رکن کا نام طلب کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے انتخابی نظام میں اصلاحات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف محمود خان اچکزئی کو خطوط ارسال کیے تھے۔

مجوزہ پارلیمانی کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 20 اور سینیٹ سے 10 ارکان شامل ہوں گے۔ کمیٹی میں سیاسی جماعتوں کی نمائندگی دونوں ایوانوں میں ان کی عددی قوت کے تناسب سے طے کی جائے گی۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے قواعد و ضوابط کے رول 244 (بی) کے تحت انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی تحریک منظور کی تھی۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران انتخابی اصلاحات کے لیے پارلیمانی کمیٹی قائم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔

بعد ازاں پیپلز پارٹی نے مجوزہ کمیٹی میں اپوزیشن جماعتوں کی شمولیت کے لیے بھی رابطے کیے اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کو انتخابی اصلاحات کے عمل میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

اب مختلف سیاسی جماعتوں سے ارکان کے نام موصول ہونے کے بعد پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کا عمل آگے بڑھے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.