نیوز ڈیسک
بالی ووڈ کی معروف اداکار جوڑی کترینہ کیف اور وکی کوشل نے دیوالی کے موقع پر اپنے مداحوں کو خوشگوار سرپرائز دیتے ہوئے پہلی بار اپنے بیٹے ویہان کوشل کی واضح تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کردی، جسے مداحوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔
کترینہ کیف نے اتوار کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر یہ خوبصورت خاندانی تصویر پوسٹ کی، جس میں وہ، وکی کوشل اور ان کا بیٹا ویہان روایتی لباس میں دیوالی کی خوشیاں مناتے دکھائی دے رہے ہیں۔
تصویر کے ساتھ کترینہ کیف نے لکھا کہ یہ ان کی اب تک کی سب سے روشن دیوالی ہے اور انہوں نے سب کے لیے محبت، روشنی اور خوشیوں کی دعا کی۔
تصویر میں ننھے ویہان نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کرلی، جو اپنے والدین کے درمیان کھڑے ہوکر کیمرے کی طرف مسکراتے نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کریم رنگ کا کرتا پاجامہ اور پیلے رنگ کی جیکٹ پہن رکھی ہے۔
کترینہ کیف پیلے رنگ کے کڑھائی والے لباس میں اپنے بیٹے کو پیار سے تھامے بیٹھی ہیں، جبکہ وکی کوشل بھی کریم رنگ کے کڑھائی والے کرتے میں بیٹے کے ساتھ مسکراتے دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ تصویر ویہان کی پہلی سالگرہ کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ کترینہ کیف اور وکی کوشل کے ہاں 7 نومبر 2025 کو پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ جوڑے نے اس وقت مشترکہ سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے والدین بننے کی خوشخبری سناتے ہوئے بچے کی آمد کو اپنی زندگی کی سب سے بڑی خوشی قرار دیا تھا۔
بعد ازاں جنوری 2026 میں دونوں اداکاروں نے اپنے بیٹے کا نام ویہان کوشل ظاہر کیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے بچے کا ننھا ہاتھ اپنے ہاتھوں میں تھامے ایک تصویر بھی شیئر کی تھی۔
ویہان کے نام نے بھی مداحوں میں دلچسپی پیدا کی تھی، کیونکہ وکی کوشل نے 2019 کی فلم ’اُڑی: دی سرجیکل اسٹرائیک‘ میں میجر ویہان سنگھ شیرگل کا کردار ادا کیا تھا۔ اسی مماثلت کے باعث مداحوں نے بچے کے نام کو اداکار کے مقبول فلمی کردار سے بھی جوڑا تھا۔
کترینہ کیف اور وکی کوشل نے طویل عرصے تک ایک دوسرے کو ڈیٹ کرنے کے بعد 9 دسمبر 2021 کو راجستھان کے سکس سینسز فورٹ بروارا میں شادی کی تھی۔
فلمی مصروفیات کے حوالے سے کترینہ کیف آخری بار 2024 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میری کرسمس‘ میں وجے سیتھوپتی کے ساتھ نظر آئی تھیں۔ وہ ان دنوں اپنے بیوٹی برانڈ ’کے بیوٹی‘ پر توجہ دے رہی ہیں اور نئے فلمی منصوبوں کے اسکرپٹس کا جائزہ بھی لے رہی ہیں۔
دوسری جانب وکی کوشل کی آنے والی فلم ’لو اینڈ وار‘ 21 جنوری 2027 کو ریلیز ہونے والی ہے، جس میں رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ بھی اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ فلم ’مہاوتار‘ کی تیاریوں میں بھی مصروف ہیں۔
