نیوز ڈیسک
گوجرانوالہ: گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 77 اور ساہیوال کے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 203 میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی شروع ہوگئی ہے۔
اتوار کو دونوں حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی، جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی۔ یہ نشستیں بالترتیب مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی محمود بشیر ورک اور رکن صوبائی اسمبلی محمد حنیف جٹ کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 77 گوجرانوالہ میں 11 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے، جہاں 5 لاکھ 18 ہزار 620 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔ حلقے میں انتخابی عمل کے لیے 333 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
دوسری جانب پی پی 203 ساہیوال میں 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں چیچہ وطنی کا علاقہ بھی شامل ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے، جبکہ مجموعی طور پر 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
انتخابی عمل کے دوران سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔ چیچہ وطنی میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے 1100 پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ خواتین ووٹرز کی سہولت کے لیے خواتین پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر مامور تھیں۔
حکام کے مطابق کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولیس کی اضافی نفری اور دیگر سکیورٹی فورسز کو بھی الرٹ رکھا گیا تھا۔
پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد دونوں حلقوں میں ووٹوں کی گنتی جاری ہے، جس کے بعد انتخابی نتائج سامنے آئیں گے۔
دوسری جانب پی پی 203 ساہیوال میں 7 امیدوار میدان میں ہیں۔ اس حلقے میں چیچہ وطنی کا علاقہ بھی شامل ہے، جہاں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 58 ہزار 122 ہے، جبکہ مجموعی طور پر 185 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
