سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو 7 روز میں وطن واپس لانے کا فیصلہ

نیوزڈیسک

0

اسلام آباد:وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے سری لنکن ہائی کمشنر نے ملاقات کی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور سری لنکا میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں فریقین نے سری لنکا میں پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے جلد کارروائی مکمل کرنے پر اتفاق کیا۔

ہائی کمشنر نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی، جس پر وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے حوالے سے جاری اعلامیہ کے مطابق کئی سال سے سری لنکا میں پھنسے پاکستانی قیدیوں کو سات روز میں پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محسن نقوی نے بتایا کہ سری لنکا میں قید پاکستانی شہریوں کی واپسی کے لیے اقدامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور سری لنکا اور پاکستان کے تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے تیزی سے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے اور انسدادِ منشیات اور بارڈر سیکورٹی کے حوالے سے باہمی تعاون کو فروغ دینا وقت کا تقاضا ہے۔

سری لنکن ہائی کمشنر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.